سانگھڑ (اشفاق سلہری)
سانگھڑ کے شہری و دیہی علاقوں میں شام ڈھلتے ہی ہوٹلوں اور کیفے پر نوجوانوں کے رش اور سروس میں تاخیر کے باعث بدنظمی اور تنازعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق شام کے اوقات میں بڑی تعداد میں نوجوان ہوٹلوں کا رخ کرتے ہیں۔ شدید رش کی وجہ سے چائے اور کھانے کے آرڈر کی فراہمی میں تاخیر پر نوجوان طیش میں آ جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں ہوٹل عملے اور خریداروں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی روز کا معمول بن چکی ہے۔
گزشتہ رات بھی سانگھڑ اور اس کے گردونواح میں آرڈر میں تاخیر پر ہنگامہ آرائی کے متعدد واقعات رونما ہوئے۔ بات معمولی تکرار سے بڑھ کر شدید جھگڑوں تک جا پہنچی، جس کے نتیجے میں چند نوجوان اور ہوٹل ملازمین زخمی ہو گئے جبکہ معاملات تھانوں اور اسپتالوں تک پہنچ گئے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہوٹل مالکان سے سروس کا نظام بہتر بنانے اور نوجوانوں سے باہمی صبر و برداشت کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ ایسے ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔


