امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے امکانات اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق مذاکرات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے خدشات کے باعث مارکیٹ میں بے یقینی برقرار ہے۔
جمعہ کو برینٹ خام تیل کی قیمت 87 سینٹ یعنی 0.82 فیصد کمی کے بعد 105.73 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 1.56 ڈالر یعنی 1.65 فیصد کمی کے بعد 93.05 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ تیل کی قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گزشتہ روز دونوں معاہدوں کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد تک اضافہ ہوا تھا۔ برینٹ کی قیمت میں 3.4 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں 2.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی کے درمیان قیمت کا فرق بھی مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور یہ فرق 12.68 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیا گیا۔

