بلوچستان رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز)
بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی خواتین ونگ کی صدر اور رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ نے 23 ستمبر پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پشتون قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی پہچان اور شناخت اس کی زبان، ثقافت، روایات اور اقدار سے ہوتی ہے۔ پشتون ثقافت دنیا بھر میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے اور یہ ایک قدیم، شاندار اور روایات سے مالا مال ثقافت ہے۔ پشتون قوم نے صدیوں سے اپنی تہذیب، ثقافت، زبان، روایات اور اقدار کو زندہ رکھا ہےپشتون ثقافت میں مہمان نوازی، رواداری، بہادری، جرأت، وفاداری، سخاوت اور بزرگوں کے احترام جیسی اعلیٰ انسانی اقدار نمایاں حیثیت رکھتی ہیں، جو پشتون معاشرے کی خوبصورتی اور پہچان ہیں میڈم فرح عظیم شاہ نے کہا کہ پشتون کلچر ڈے منانے کا مقصد صرف اپنی ثقافت کا جشن منانا نہیں بلکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ، زبان، روایات اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا بھی ہےموجودہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ اپنی ثقافتی جڑوں سے بھی مضبوطی سے جڑی رہےانہوں نے کہا کہ زبان کسی بھی قوم کے تشخص کا بنیادی ستون ہوتی ہے، اس لیے پشتو زبان کے فروغ، تحفظ اور ترویج کے لیے اجتماعی سطح پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری ثقافتی روایات اور ادبی ورثہ ہماری آنے والی نسلوں کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں محفوظ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بلوچستان مختلف اقوام، زبانوں اور ثقافتوں کا خوبصورت گلدستہ ہے، جہاں تمام اقوام ایک دوسرے کے ثقافتی ورثے کا احترام کرتے ہوئے بھائی چارے، رواداری اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہیں۔ صوبے کی ثقافتی رنگا رنگی ہی اس کی اصل خوبصورتی ہے پشتون ثقافت نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔ پشتون عوام نے ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ اور نوجوان نسل کو اپنی تہذیب و روایات سے جوڑنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔انہوں نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد پشتون قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن اپنی شاندار تاریخ، ثقافت اور روایات پر فخر کرنے کے ساتھ ساتھ امن، بھائی چارے، اتحاد اور باہمی احترام کے فروغ کا پیغام بھی دیتا ہے۔۔۔۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پشتون قوم سمیت ملک کی تمام اقوام کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور پاکستان کو مزید مضبوط و مستحکم بنائے۔


