اسلام آباد :وفاقی حکومت نے قومی بچت کی اہم اسکیموں ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس اور بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع کی شرح میں کمی کردی ہے، جس کے بعد ستمبر 2026 کے لیے نئے ریٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے قومی بچت (نیشنل سیونگز) کی معروف اسکیموں کے منافع میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ نئے ریٹس کے تحت ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کی مدت 10 سال مقرر ہے، جس میں ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر میچورٹی کے وقت 3 لاکھ روپے حاصل ہوں گے۔
نئے ریٹس کے مطابق ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر پہلے سال 1 لاکھ 10 ہزار روپے، دوسرے سال 1 لاکھ 21 ہزار روپے اور تیسرے سال 1 لاکھ 33 ہزار روپے ہوجائے گی۔
چوتھے سال سرمایہ کاری کی رقم 1 لاکھ 47 ہزار روپے جبکہ پانچویں سال 1 لاکھ 63 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح چھٹے سال ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر 1 لاکھ 82 ہزار روپے، ساتویں سال 2 لاکھ 4 ہزار روپے اور آٹھویں سال 2 لاکھ 30 ہزار روپے حاصل ہوں گے۔
نئے ریٹس کے تحت نویں سال سرمایہ کاری کی رقم 2 لاکھ 62 ہزار روپے ہوجائے گی، جبکہ 10 سالہ مدت مکمل ہونے پر میچورٹی کی رقم 3 لاکھ روپے ہوگی۔
دوسری جانب حکومت نے بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع کی شرح میں بھی کمی کردی ہے۔ نئی شرح کے مطابق ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ 1 ہزار 50 روپے منافع ملے گا، جو سالانہ بنیاد پر 12.60 فیصد بنتا ہے۔
بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس خصوصی طور پر بیواؤں اور سینئر سٹیزنز کی مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائے گئے تھے۔
حکومت کی جانب سے منافع کی شرح میں کمی کے بعد قومی بچت کی مذکورہ اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے لیے ستمبر 2026 کے نئے ریٹس نافذ کردیئے گئے ہیں۔

