مشی گن / ٹیکساس:امریکہ کی ریاست مشیر گن میں تربیتی پرواز کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جہاں فضائیہ کا ایک جدید F-16 لڑاکا طیارہ ممکنہ طور پر پرندہ ٹکرانے (Bird Strike) کے باعث ایک رہائشی علاقے کے قریب کھیت میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے بعد فضا میں آگ کا ایک بڑا گولہ بلند ہوا اور دور تک دھواں پھیل گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی سہ پہر ٹریورس سٹی کے قریب بلیئر ٹاؤن شپ میں پیش آیا۔ طیارہ ایک معمول کی تربیتی مشق میں حصہ لے رہا تھا اور طے شدہ شیڈول کے مطابق اسے جمعہ کے روز (آج) جنگ کے دوران لاپتہ یا قیدی فوجیوں (POW-MIA Recognition Day) کی یاد میں منعقدہ ایک فٹبال میچ کے اوپر فلائی اوور (سلامی پرواز) کرنا تھا۔
حادثے کے وقت ساتھ اڑنے والے دوسرے طیارے (ونگ مین) کے پائلٹ نے ریڈیو پر فوری کال کرتے ہوئے صورتحال بتائی، جس کی لائیو ریکارڈنگ میں سنا گیا:
"ہمارے ونگ مین کی طرف سے ممکنہ مے ڈے (ہنگامی کال) موصول ہوئی ہے، میرا خیال ہے کہ ان کے ساتھ کوئی پرندہ ٹکرا گیا ہے۔”
خوش قسمتی سے حادثے سے چند لمحے قبل پائلٹ طیارے سے بحفاظت ایجیکٹ (نکلنے) میں کامیاب ہو گیا۔ پائلٹ کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر اور مکمل طور پر مستحکم بتائی جاتی ہے۔

