لندن / ڈھاکا:اگر آپ کا یہ خیال ہے کہ جہازوں کے اندر ہنگامہ آرائی اور لڑائی جھگڑے صرف امریکا تک محدود ہیں، تو یہ سوچ بالکل غلط ہے۔ لندن سے بنگلہ دیش جانے والی بیمان بنگلہ دیش ایئر لائنز (Biman Bangladesh Airlines) کی پرواز میں کچھ ایسا ہنگامہ برپا ہوا جس نے پچھلے تمام واقعات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، لندن سے اڑنے والی پرواز کے دوران دو مسافروں کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی شروع ہو گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی اور پھرگھمسان کی جنگ میں تبدیل ہو گئی۔ طیارے کے اندر شدید خوف و ہراس پھیل گیا، بالخصوص بچوں اور بزرگ مسافر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں شدید پریشان دکھائی دیے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس سنسنی خیز ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو مسافر آپس میں لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کر رہے ہیں، کہ ایک مسافر کی ٹی شرٹ بھی پھٹ گئی۔ شور شرابے سے مسافروں میں چیخ پکار مچ گئی۔ صورتحال کو خطرناک حد تک بگڑتے دیکھ کر عملے کے ارکان اور دیگر باشعور مسافر فوری طور پر درمیان میں کود پڑے اور بڑی مشکل سے دونوں لڑنے والے افراد کو الگ کیا۔ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ہوا بازی کے شعبے میں مسافروں کے نظم و ضبط اور فضائی سکیورٹی کے حوالے سے ایک بار پھر سنگین سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، جبکہ ایئر لائن حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس شرمناک واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

