سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف)
سرگودھا سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی پہلی خاتون انٹرنیشنل ہاکی پلیئر ظلِ حرا صدف (عمان میں انڈر 18 اور انڈر 21 ٹورنامنٹس کی نمائندہ) اور جونیئر ایشیا کپ چین میں ملک کا نام روشن کرنے والی ماہا رمضان کی وطن واپسی پر سرگودھا شہر میں شاندار اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے نمائندے میاں سلیم اختر، محمد شہزاد انصاری (جنرل سیکرٹری آپٹیکل ایسوسی ایشن) اور علاقائی شخصیات نے کھلاڑیوں اور کوچز پر پھول نچھاور کیے، ہار پہنائے، اور کچہری بازار سمیت مختلف مقامات پر خوش آمدید کہا۔ سابق انٹرنیشنل ہاکی پلیئر ملک محمد فاروق، پرنسپل ساجد محمود خان اور عادل قبلہ کی جانب سے اسکاؤٹس سلامی دی گئی اور پرتکلف ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا۔ رکنِ قومی اسمبلی محترمہ ارم حامد حمید اور سابق وزیرِ مملکت چوہدری حامد حمید نے کھلاڑیوں کی محنت اور کوچ حسن شاہ کی تربیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ان بچیوں نے عالمی سطح پر سرگودھا کا نام روشن کیا ہے۔ کوچ حسن حیدر شاہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کے صدر محی الدین وانی کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے جونیئر وومن ہاکی ٹیم کو عالمی ایونٹس میں دوبارہ موقع ملا۔ تقریب کے دوران سرگودھا اور ایگل جمناسٹک کلب کے بچوں نے کرتب دکھائے، جبکہ گورنمنٹ کالج میلہ منڈی اور فاطمہ وومن ہاکی اکیڈمی کے درمیان ایک نمائشی میچ بھی کھیلا گیا۔تقریب میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور، ڈویژنل اسپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم، ڈائریکٹر اسپورٹس عائشہ صدیقہ، انٹرنیشنل باکسنگ کوچ راحیل خان، انٹرنیشنل باکسرز عائشہ ممتاز، سحرا، حذیفہ راحیل اور جمناسٹک کوچز ندیم خان و عمران سمیت شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں اور کریسنٹ ہاکی کلب سرگودھا کے سرپرست میاں منیر کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔


