جھڈو (رپورٹ: قیصر راجہ راجپوت)
تحصیل جھڈو کے شہر نوکوٹ میں منشیات کے موذی مرض سے بچاؤ اور مکمل خاتمے کے لیے نوکوٹ پولیس اور سکول کے طلبہ مشترکہ طور پر میدان میں آ گئے ہیں۔ آئی جی سندھ، ڈی آئی جی میرپورخاص ڈویژن اور ایس ایس پی میرپورخاص کے بالخصوص احکامات پر اس آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی میں نوکوٹ پولیس کے اہلکاروں اور مختلف سکولوں کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں منشیات کے خلاف اور شعور بیدار کرنے والے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔شرکاء نے عام شہریوں کو منشیات کے مہلک و تباہ کن اثرات سے آگاہ کیا اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے دور رکھنے کی ترغیب دی۔پولیس حکام نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے عوامی آگاہی کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف عملی اور قانونی اقدامات بلا تعطل جاری رکھے جائیں گے۔


