کوئٹہ:صوبہ بلوچستان میں امن و امان کی فضا کو خراب کرنے اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک اور بڑا معرکہ سر کر لیا ہے۔ بلوچستان پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر حساس اداروں نے پشین اور قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں مشترکہ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کرتے ہوئے ‘فتنہ الہندوستان’ کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 5 کو گرفتار کر لیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں۔
بلوچستان پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشین اور قلعہ عبداللہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشنز کیے ہیں۔
بلوچستان پولیس کے… pic.twitter.com/xvKaWP4rz3— PTV News (@PTVNewsOfficial) September 14, 2026
بلوچستان پولیس کے ترجمان کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشین کے علاقوں کلی سلطان، اژرم، دینار اور گیلو میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ آپریشنز کیے۔ ان کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ پوزیشن سنبھالتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار اور ہلاک ہونے والے عناصر کے قبضے سے بھاری مقدار میں خودکار اسلحہ، بارودی مواد اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
اس کامیاب مشترکہ آپریشن کی قیادت ڈی آئی جی ژوب رینج، سی ٹی ڈی کمانڈر اور ایس ایس پی پشین نے خود کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے دہشت گردوں سے ملک دشمن نیٹ ورک اور اہم تنصیبات کے حوالے سے انتہائی اہم اور حساس معلومات حاصل کرنے کے لیے تفتیش کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے دوٹوک الفاظ میں عزم ظاہر کیا ہے کہ ‘فتنہ الہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ سے وابستہ آخری دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گے تاکہ صوبے میں امن اور عامتہ الناس کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

