عوام کی بے لوث خدمت کرکے ہمیں دلی خوشی محسوس ہوتی ہے،رکن قومی اسمبلی حلقہ خوشاب
خوشاب(راجہ نورالہی عاطف سے)
مرکزی صدر تنظیم الاعوان پاکستان و رکن قومی اسمبلی حلقہ خوشاب ملک شاکر بشیر اعوان نے اپنے پبلک سیکرٹریٹ اعوان ہاؤس جوہرآباد میں حلقہ انتخاب سے آنے والے مختلف عوامی وفود سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل و مشکلات تفصیل سے سنے۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے متعدد عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی ضروری اقدامات اور ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان کے پبلک فورم کے انچارج ملک محمد اشرف اعوان بھی موجود تھے۔ عوامی وفود نے اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے فوری ازالے کے لیے ملک شاکر بشیر اعوان کی کاوشوں کو سراہا۔
ملک شاکر بشیر اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے لیے ہمارے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں اور حلقہ کے عوام کی بے لوث خدمت کرکے ہمیں دلی خوشی محسوس ہوتی ہے۔ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اسے ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ان شاء اللہ خلقِ خدا کی خدمت کا یہ عظیم مشن جاری و ساری رہے گا اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام سے براہِ راست رابطہ اور ان کی دہلیز پر مسائل کا ازالہ ہی حقیقی عوامی نمائندگی کا تقاضا ہے، جسے وہ پوری ذمہ داری اور اخلاص کے ساتھ نبھاتے رہیں گے۔


