سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)
ریڈیو پاکستان سرگودھا کا معروف عوامی و معلوماتی پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘ نوجوان نسل کو ریڈیو براڈکاسٹنگ، پروگرامنگ اور میڈیا کے عملی طریقۂ کار سے روشناس کرانے کے لیے مختلف یونیورسٹیوں، کالجز اور اسکولوں کے مطالعاتی دوروں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسی سلسلے میں اقرا گرلز کالج سرگودھا کی طالبات نے اپنی اساتذہ اسسٹنٹ پروفیسر عائشہ نورین اور عاصمہ عمران لیکچرار کے ہمراہ ریڈیو پاکستان سرگودھا کا معلوماتی و مطالعاتی دورہ کیا۔
دورے کے دوران طالبات کو ریڈیو پاکستان سرگودھا کے مختلف شعبہ جات، براڈکاسٹنگ کے طریقۂ کار اور پروگرامز کی تیاری و پیشکش کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ طالبات کو بتایا گیا کہ ایک ریڈیو پروگرام کی تیاری سے لے کر اس کی نشریات تک مختلف شعبہ جات کس طرح باہمی تعاون سے کام کرتے ہیں اور ایک قومی نشریاتی ادارے کا مکمل نظام کس انداز میں انجام پاتا ہے۔
اس موقع پر ریڈیو پاکستان سرگودھا کے سینئر اینکر پرسن سبطین بلوچ نے طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں براڈکاسٹنگ، پروگرامنگ اور میڈیا کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرنے، ان کے علم میں اضافہ کرنے اور انہیں عملی زندگی کے مختلف شعبوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
اقرا گرلز کالج کی جانب سے فیصل شاہد سوشل میڈیا کوارڈینیٹر نے بھی ریڈیو پاکستان کا دورہ کیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے کردار کے بارے میں اگاہی لی، جبکہ مہر بلال نے ریڈیو پاکستان کی مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا کوآرڈینیشن کے حوالے سے بریفنگ میں معاونت کی۔
دورے کے دوران طالبات نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کے مختلف شعبہ جات کا مشاہدہ کیا اور پروگرام کی تیاری، ریکارڈنگ، نیوز، انجینئرنگ، پروگرامنگ اور سوشل میڈیا سمیت مختلف شعبوں کے عملی طریقۂ کار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
مطالعاتی دورے میں شریک طالبات نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کے پروگرام میں بھی شرکت کی اور اپنے تعلیمی مضامین، دلچسپیوں اور مستقبل کے عزائم کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر طالبات نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کا دورہ ان کے لیے ایک منفرد اور مفید تجربہ ہے، جس سے نہ صرف ان کے علم میں اضافہ ہوا بلکہ اپنی بات دوسروں کے سامنے اعتماد کے ساتھ پیش کرنے کی صلاحیت بھی بہتر ہوئی۔
مطالعاتی دورے میں شریک طالبات
نور فاطمہ
شمائل طارق
حاجرہ راشد
تحیت بتول
زبیہ بنتِ زاہد
علیزہ فاطمہ
پروگرام کے اختتام میں اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان سرگودھا فریحہ کنول اور سبطین بلوچ کی جانب سے طالبات میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے گئے
طالبات اور ان کی اساتذہ نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کی اس تعلیمی و معلوماتی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو عملی میڈیا اور براڈکاسٹنگ کے ماحول سے روشناس کرانے کے لیے ایسے پروگرامز کا انعقاد انتہائی مفید ہے۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگرامز اور مطالعاتی دوروں کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔
ریڈیو پاکستان سرگودھا کی جانب سے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کے لیے مطالعاتی دوروں کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ اس اقدام کا مقصد نئی نسل کو ریڈیو براڈکاسٹنگ، پروگرامنگ، نیوز، انجینئرنگ، سوشل میڈیا اور دیگر شعبہ جات کے عملی طریقۂ کار سے آگاہ کرنا، ان کے علم میں اضافہ کرنا اور ان میں اعتماد و عملی شعور کو فروغ دینا ہے۔
ریڈیو پاکستان سرگودھا کی انتظامیہ کے مطابق متعدد تعلیمی ادارے اس سلسلے میں رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ دیگر اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز بھی اپنے طلبہ و طالبات کے مطالعاتی دورے کے لیے ریڈیو پاکستان سرگودھا کی ٹیم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

