قاہرہ / سینا:مصر کے مشرقی ساحلی علاقے اور سیاحتی مرکز جنوبی سینا میں ایک بدقسمت مسافر بس کے خوفناک حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی ہے، جبکہ اس حادثے میں 29 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مصری حکام اور اردنی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ لرزہ خیز واقعہ بدھ کی صبح اس وقت پیش آیا جب مسافر بس دہب سے نویبع کی طرف جا رہی تھی۔
رپورٹس کے مطابق یہ بس قاہرہ سے روانہ ہو کر نویبع کی بندرگاہ جارہی تھی جہاں سے اسے بحری راستے کے ذریعے اردن کی بندرگاہ عقبہ اور پھر وہاں سے دارالحکومت عمان پہنچنا تھا۔ بس میں مجموعی طور پر 43 مسافر سوار تھے جن میں مصری شہریوں کے علاوہ اردنی شہری بھی شامل تھے۔ اردنی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں کم از کم 10 افراد کا تعلق اردن سے ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مصری وزارتِ صحت کی جانب سے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے 20 سے زائد ایمبولینسز کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا، جنہوں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کیا۔ وزیرِ صحت کے حکم پر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ واضح رہے کہ مصر میں تیز رفتاری اور ناقص سڑکوں کے باعث سڑک حادثات معمول بنے ہوئے ہیں، جن میں ہر سال بڑی تعداد میں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں
مصر ، سینا میں خوفناک حادثہ: مسافر بس میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر21ہو گئی

