کٹھمنڈو: نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور طوفانی بارشوں نے جہاں انسانی زندگیوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچایا ہے، وہیں قدرتی آفت کی اس گھڑی میں عجیب و غریب اور سنسنی خیز واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ سیلاب کے ریلوں کے باعث عمارتیں، گاڑیاں اور تجارتی مراکز کئی فٹ نیچے مٹی اور ملبے میں دفن ہو چکے ہیں۔
نیپال پولیس اور مسلح فورسز نے ایک کامیاب ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے میں دبے ہوئے بینک سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی بحفاظت نکال لی ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق، دریائے تریشولی کے قریب واقع سیلاب سے بری طرح متاثرہ ‘کرشی وکاس بینک’ کی ڈھونگے شاخ پر ریسکیو کا کام جاری تھا۔ نیپال پولیس کے مطابق، مسلسل 8 گھنٹے کی کڑی جدوجہد اور ہیوی مشینری (جے سی بی اور کرین) کے استعمال سے بینک کے بیسمنٹ تک رسائی حاصل کی گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینک کے لاکرز، تقریباً 1.5 کروڑ نیپالی روپے نقد، تقریباً 50 کروڑ روپے مالیت کا سونا اور اہم سرکاری و مالیاتی دستاویزات بحفاظت نکال کر ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح پولیس اہلکاروں نے ملبہ ہٹا کر لاکرز کو نکال کر دوسری جگہ منتقل کیا۔
اسی طرح ایک نیپالی شہر ی کوکیچڑمیں دبے کرنسی نوٹ اور زیورات ملے جن کے ساتھ رسید بھی تھی شہری نے رسید کی مدد سے اصل مالک کو ڈھونڈ کر زیور اور نقدی اس کے حوالے کی تو اس کی آنکھوں میں آنسوآگئے،
دوسری طرف، اس تباہی کے دوران انسانیت سوز اور مجرمانہ سرگرمیاں بھی سامنے آئی ہیں۔ نیپال کے بالائی علاقوں سے بہہ کر آنے والی ایک بینک کی تجوری جب دھاڈنگ پہنچی تو موقع پاتے ہی وہاں موجود دسیوں افراد نے تجوری توڑ کر رقم لوٹنے کی کوشش کی۔ مسلح پولیس فورس اور نیپال پولیس کی مشترکہ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موقع سے 29 افراد کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے 92 لاکھ 68 ہزار 505 روپے نقدی برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
علاوہ ازیں، ایک اور دل دہلا دینے والے واقعے میں سیلاب کے دوران نارائنی ندی میں بہہ کر آنے والی ایک بدقسمت خاتون کی لاش سے مبینہ طور پر سونے کی بالیاں چرانے والے دو افراد کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی 41 سیکنڈ کی ایک ویڈیو کلپ نے اس جرم کو بے نقاب کیا، جس میں دونوں ملزمان کو لاش کو باہر نکالنے کی آڑ میں زیورات چراتے ہوئے دیکھا گیا۔ نیپال پولیس نے اس ویڈیو کی بنیاد پر فوری شناخت کر کے دونوں ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔
نیپال میں سیلاب : ملبے تلے دبے بینک سے 50 کروڑ کا سونا اور نقدی محفوظ،شہری نے سونا رسید کی مدد سے مالک تک پہنچا دیا

