سیالکوٹ ۔سلیم احمد اعوان شیخو
پولیس نے بزرگ شہری کے اندھے قتل کا معمہ حل کرکے قتل میں ملوث شخص کو گرفتار کر لیا۔بتایا گیا ہے 6 اگست 2026,ء کی رات کو تقریباً 9 بجے تھانہ کوتوالی کے علاقہ سیالکوٹ قلعہ کے اوپر موجود پارک سے 65 سالہ نامعلوم بزرگ شہری کی لاش برآمد ہوئی تھی جس کو گلے میں کپڑے کا پھندہ ڈال کر قتل کیا گیا تھا جبکہ مقتول کی شناخت نہ ہونے جائے وقوعہ سے کوئی واضح سراغ نہ ملنے اور ملزم کے فرار ہونے کے باعث یہ اندھے قتل کی ایک پیچیدہ واردات تھی جس کو ٹریس کرنا پولیس کے لیے بڑا چیلنج تھا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے سیالکوٹ قلعہ جیسے معروف اور مصروف مقام پر قتل کی اس پراسرار واردات کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی سرکل مرزا یوسف رضا کو نامعلوم ملزم کی گرفتاری کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی تو مذکورہ ڈی ایس پی کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ کوتوالی انسپکٹر بشارت علی اور ان کی ٹیم نے دن رات محنت کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی، جیو فینسنگ اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے اندھے قتل کی کڑیاں جوڑیں اور قتل میں ملوث مظہر ولد اکرام ساکن نیا حمزہ غوث کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران مظہر نے انکشاف کیا کہ اس نے مبینہ جنسی ہراسانی کی بنا پر بزرگ شہری کے گلے میں کپڑے کا پھندہ ڈال کر اسے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے کی تمام پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے اندھے قتل کا معمہ حل کرنے پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے ۔

