لاہور:سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے لاہور میں امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز سے ان کی رہائش گاہ پر ایک اہم ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، احمد بلال محبوب، ایڈوائزر اسامہ خاور اور ڈائریکٹر میڈیا راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاک امریکہ تعلقات، علاقائی امن، پارلیمانی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات باہمی اعتماد اور ایک اہم شراکت داری پر استوار ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ صوبہ پنجاب اور امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے درمیان تعاون کے رشتوں کو مزید وسعت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں مقبوضہ پاکستانی نژاد کمیونٹی دونوں ممالک کے مابین ایک مؤثر پُل کا کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی روابط اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
دوسری جانب امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو انتہائی قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکہ، پاکستان کے ساتھ اپنے سفارتی روابط اور پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے اختتام پر تجارت، اعلیٰ تعلیم کے فروغ، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور غذائی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ اقدامات اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

