خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی محکمہ تعلیم خوشاب کے زیر اہتمام گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول جوہرآباد میں میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں تقسیم انعامات و اسناد کی تقریب منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر اور رکن قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے آغاز پر سی ای او ایجوکیشن عیسیٰ لالی نے مہمانانِ خصوصی کا استقبال کیا، جبکہ تلاوتِ کلامِ پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے کہا کہ طلبہ و طالبات ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈرز کو شاندار تعلیمی کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنی توانائیاں حصولِ علم کے لیے بروئے کار لائیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلبہ کو تعلیم کے حصول کے لیے مسلسل محنت اور لگن جاری رکھنے کی تلقین کی۔
رکن قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں شعبہ تعلیم میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔مہمانانِ خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں اور ان کے والدین و اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈرز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔تقریب میں محکمہ تعلیم کے افسران ڈی ای او ایلیمنٹر سکولز خوشاب فیض الحسن ملک ، ڈپٹی ڈی ای او خوشاب ملک قیصر عباس کھارا، ڈپٹی ڈی ای او سیکنڈری ملک شیر بہدار، دیگر آفیسرز تعلیم ،اساتذہ کرام ، طلبہ و طالبات اور والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔


