سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے 12 ربیع الاول کے سلسلہ میں ضلع بھر میں منعقد ہونے والے میلاد جلوسوں اور محافل کے منتظمین کے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) دوست محمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر صولت وٹو اور کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس میں ضلع بھر میں منعقد ہونے والے 187 میلاد جلوسوں اور 40 محافل کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر تمام جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، سیکیورٹی، لائٹنگ، سجاوٹ اور دیگر انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے علماء کرام اور میلاد منتظمین کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 ربیع الاول کو انتظامیہ کی طرف سے شہر میں لائٹنگ اور سجاوٹ کے انتظامات مکمل کیے جائیں جبکہ واسا اور ضلع کونسل صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام میلاد جلوس مقررہ روٹس اور اوقات کی پابندی کریں اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منتظمین انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ میلاد کے تمام پروگرام پرامن اور منظم انداز میں منعقد ہو سکیں۔

