دیر بالا(ریاض ابوالخیل)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز کی قیادت میں دیر بالا پولیس کی بھاری نفری تھانہ دیر سٹی کی حدود دوبندو اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے لیے پولیس لائن دیر بالا سے روانہ ہوگئی۔آپریشن میں پاک فوج، دیر بالا پولیس، دیر سکاوٹس، البرق کمانڈوز، ایلیٹ فورس، آر آر ایف، سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے جوان بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی میں جدید ہتھیاروں، ای پی سیز، تھرمل آلات اور ڈرون کیمروں سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی اور نگرانی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔اس موقع پر ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ کارروائی امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے کہ دیر بالا پولیس اور تمام سیکیورٹی فورسز عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے متحد اور پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیر بالا میں پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور امن و امان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

