صوابی:صوابی اور اس کے گرد و نواح میں موسلا دھار اور شدید بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جہاں طغیانی کے ریلوں نے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کئی رہائشی مکانات پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ اہم تجارتی اور سفری شاہراہوں پر کئی فٹ بلند سیلابی پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے۔
ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابق، مردان روڈ پر واقع موضع منصب دار میں طغیانی کے باعث پانی گھروں کے اندر داخل ہوگیا، جس سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح جہانگیرہ روڈ، کھنڈہ موڑ اور انبار کے علاقوں میں بھی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور سیلابی ریلوں کے باعث آمدورفت کا زمینی رابطہ کٹ گیا۔
صورتحال کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے ریسکیو 1122 صوابی کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچیں اور ہنگامی امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے شدید طغیانی اور خطرات کے باوجود کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں پھنسے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
انتظامیہ کی جانب سے متوقع مزید بارشوں اور طغیانی کے خدشات کے پیش نظر صوابی کے تمام متعلقہ اداروں اور ریسکیو یونٹس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ زونز میں صورتحال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

