سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو )
وطنِ عزیز کے ممتاز فوٹوگرافر گل ریز غوری تمغہ امتیازنے کہا ہے کہ وہ سیالکوٹ کی ثقافت، سیاحت اور تاریخی ورثے کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے اور اسے ملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے بھرپور تعاون کریں گے، اور اس سلسلے میں اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔
ا ان خیالات کا اظہار انھوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں فوٹوگرافی کے عالمی دن کے موقع پر ٹورازم، کلچر اینڈ آرکیالوجی کمیٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیمینار ”تصویرِ سیالکوٹ، ورثے سے سیاحت تک“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید احتشام مظہر گیلانی نے کی۔
صدرِ تقریب سید احتشام مظہر گیلانی نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر سیالکوٹ میں سیاحت، آرکیالوجی اور کلچر کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے چیئرمین ٹورزم کمیٹی سیالکوٹ چیمبر آف کامرس خالد لطیف کو اس سلسلے میں دوسرا کامیاب سیمینار منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور تقریب میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر کراس روٹ کلب انٹرنیشنل کے چیئرمین مکرم خان ترین اور ڈائریکٹر پنجاب آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ رانا محمد اقبال خان منج نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ مکرم خان ترین نے سیالکوٹ کی منفرد شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے فوٹوگرافی مقابلہ منعقد کرنے کی تجویز پیش کی جبکہ رانا محمد اقبال خان منج نے سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کو تاریخی ورثے، آرکیالوجی اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے مفید مشورے دیئے۔تقریب میں مکرم خان ترین اور رانا محمد اقبال خان منج کو سیالکوٹ کی ثقافتی و تاریخی شناخت کے فروغ میں خدمات کے اعتراف میں ”سفیرِ شہرِ اقبال“ کا اعزاز بھی دیا گیا۔تقریب نظامت خالد لطیف اور محمد یونس چودہری نے کی جبکہ عبدالشکور مرزا نے سیالکوٹ میں سیاحت کے فروغ اور اس کے ورثے کو محفوظ بنانے کے لئے کی جانے والی کوششوں سے شرکاء کو آگاہ کیا اور اس ضمن میں فرزند شہر اقبال صوبائی سیکرٹری اوقاف اور ڈاکٹر احسان بھٹہ رانا عارف اقبال رانا عارف اقبال برائے سیاحت اور صدر چیمبر کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں سیالکوٹ کے معززین، کاروباری و سماجی شخصیات اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر چیمبر سید احتشام مظہر گیلانی نے مہمان خصوصی گلریز غوری،مکرم خان اور رانا محمد اقبال خان منج کو چیمبر کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔


