بلوچستان رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز)
بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما حسن بلوچ نے کہا ہے کہ سریاب روڈ پر عوامی پیٹرول پمپ سے کلی محمد شاہی لہڑی چوک تک صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مذکورہ علاقے میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور گندگی کے باعث نہ صرف ماحول آلودہ ہو رہا ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا بھی خدشہ بڑھ گیا ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور صفا ء کوئٹہ کا عملہ مکمل طور پر غائب نظر آتا ہے، جس سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ شہری باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود انہیں بنیادی شہری سہولیات سے محروم رکھنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے میئر کوئٹہ، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور صفا کوئٹہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر صفائی کا ہنگامی آپریشن شروع کرکے علاقے کو کچرے سے پاک کیا جائے اور صفائی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر مؤثر بنایا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال پر فوری توجہ نہ دی گئی تو شہریوں کے ساتھ مل کر احتجاج کا حق محفوظ رکھا جائے گا۔


