چنیوٹ (فرحان بلال سے)
عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں ضلعی امن و امان اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، تاجران اور سیکیورٹی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی، امن و امان کے قیام، جلوسوں اور دیگر تقریبات کے انتظامات سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور تجاویز پیش کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا، تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور شہری انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ پرامن ماحول برقرار رکھا جا سکے۔ڈی پی او نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے روٹس پر سکیورٹی سمیت دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر علماء کرام اور ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے انتظامیہ اور پولیس کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا، آخر میں ملک پاکستان کی سلامتی ، امان و امان کے لیے خصوصی دعا کی گئی

