مٹیاری رپورٹ عامر علی انڑ
ہالا کے علاقے بیل موری کے قریب دن دہاڑے مسلح ڈاکوؤں نے تاجر کی دکان پر دھاوا بول کر 22 لاکھ روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح افراد نے بیل موری کے مقام پر تاجر نواز راجپوت کی دکان میں داخل ہوکر اسے یرغمال بنایا اور اس کے قبضے سے 22 لاکھ روپے نقد اور موبائل فون چھین لیا۔ واردات کے بعد ملزمان موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر موقع سے فرار ہوگئے۔دن دہاڑے ہونے والی ڈکیتی کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ تاجر برادری میں بھی شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔واقعے کے بعد ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم بلو بھی جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے تاجر سے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں اور جائے واردات کا جائزہ لیا۔پولیس نے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان تک پہنچنے کے لیے دستیاب معلومات اور دیگر ذرائع سے مدد حاصل کی جا رہی ہے۔تاجر برادری اور علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دن دہاڑے ڈکیتی کرنے والے ملزمان کو جلد گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم برآمد کی جائے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے۔

