کراچی: سندھ کے سینئر وزیر سید ناصر حسین شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ کی خود ساختہ قیادت جب بھی میڈیا کے سامنے آتی ہے، وہ انتہائی فرسٹریٹڈ اور بوکھلائے ہوئے نظر آتے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے اپنے ایک بیان میں ایم کیو ایم کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ نام نہاد قیادت دراصل کسی نئے صوبے کی نہیں بلکہ کراچی کے معصوم عوام، یہاں کی تجارت، امن اور خوشحالی کو دوبارہ یرغمال بنانے کی باتیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے باشعور شہری اس قیادت کے مکروہ چہروں اور ان کے تاریک ماضی کو اچھی طرح پہچانتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ عوام نے انہیں یکسر مسترد کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار اس وقت موجودہ ایم کیو ایم کے "بارہویں کھلاڑی” کی حیثیت رکھتے ہیں جو خود اب کسی طور متحد نہیں رہی۔ ناصر حسین شاہ نے دعویٰ کیا کہ سندھ تو ہرگز تقسیم نہیں ہوگا، البتہ وہ اپنی آنکھوں سے ایم کیو ایم کو ضرور تقسیم ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، جہاں سے جلد مزید دھڑے الگ ہو جائیں گے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پارٹی ٹوٹنے کے بعد اس کا جو حال ہوگا، اس میں باقی ماندہ سیاستدان بس فیتے کی طرح گھومتے رہ جائیں گے۔
سندھ کبھی تقسیم نہیں ہوگا، البتہ ایم کیو ایم خود ٹکڑے ٹکڑے ہو رہی ہے: ناصر حسین شاہ

