لاہور: انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) پنجاب عبدالکریم نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
دورے کے دوران آئی جی پنجاب نے ہسپتال میں زیرِ علاج کانسٹیبل شفیق اور کانسٹیبل شعبان سے ملاقات کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور فرض کی راہ میں دکھائی جانے والی بہادری اور جرأت پر انہیں شاباش دی۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد از جلد مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
آئی جی پنجاب نے ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کیں کہ زیرِ علاج زخمی پولیس اہلکاروں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور انہیں تمام بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنے سینوں پر گولیاں کھانے والے ہمارے یہ غیور اور بہادر پولیس جوان قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب پولیس اپنے فرض کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے اور زخمی ہونے والے ہر سپاہی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کی شیخ زید ہسپتال آمد، ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت



