پشاور انورزیب خان
صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ تھمگرہ میڈیکل کالج کو جلد از جلد فعال کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں گے۔اس حوالے سے صوبائی اسمبلی میں اسپیکر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن، سیکرٹری صحت فیاض علی شاہ اور محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں تھمگرہ میڈیکل کالج کے حوالے سے جاری پیش رفت، درپیش مسائل اور اسے جلد فعال بنانے کے لیے درکار اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کالج کو جلد از جلد فعال کرنے کے لیے تمام ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طبی تعلیم کے شعبے کے فروغ اور استحکام کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ تھمگرہ میڈیکل کالج کی تکمیل اور فعالیت سے علاقے کے نوجوانوں کو طبی تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اور مقامی سطح پر صحت کی سہولیات میں بھی مزید بہتری آئے گی۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی سلیم سواتی نے تھمگرہ میڈیکل کالج کو عوامی اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کالج کی فعالیت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور تمام ضروری امور کو جلد مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں سیکرٹری صحت فیاض علی شاہ اور محکمہ صحت کے دیگر حکام نے اجلاس میں کالج سے متعلق پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے کہا کہ ان شاء اللہ تھمگرہ میڈیکل کالج کو جلد عملی طور پر فعال کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے محکمہ صحت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا۔

