انورزیب خان پشاور
صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمن نے آج پشاور بیرکس میں محکمہ صحت کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (خواتین) کے لیے منعقدہ سروائیکل کینسر سے آگاہی اور روک تھام سے متعلق اورینٹیشن سیشن میں شرکت کی۔سیشن کے دوران شرکاء کو سروائیکل کینسر کی بروقت تشخیص، حفاظتی ویکسینیشن، عوامی آگاہی، اسکریننگ پروگرامز اور بین الادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سروائیکل کینسر ایک قابلِ روک تھام بیماری ہے اور مؤثر آگاہی، بروقت تشخیص اور ویکسینیشن کے ذریعے خواتین کی بڑی تعداد کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت خواتین کی صحت کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے اور سروائیکل کینسر کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ صحت کی جانب سے ہر ممکن انتظامی، تکنیکی اور عملی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس اہم قومی مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے ضلعی صحت افسران اور ضلعی ایجوکیشن افسران (خواتین) پر زور دیا کہ وہ اپنی سطح پر آگاہی مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اور بچیاں حفاظتی اقدامات سے مستفید ہو سکیں۔ وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت صحت عامہ کے فروغ اور خواتین کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔


