اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور اس سے باہر امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ اجتماعی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنائے گا، دفاعی تعاون کو مزید فروغ دے گا اور تینوں برادر ممالک کے محفوظ اور خوشحال مستقبل کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے اس اہم اقدام کو آگے بڑھانے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا۔دعا ہے اللہ تعالیٰ اس تاریخی معاہدے کو بابرکت بنائے اور تینوں ممالک سمیت پوری امتِ مسلمہ کے لیے مستقل امن، سلامتی اور خوشحالی عطا فرمائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان امن، سلامتی اور باہمی تعاون کے عزم کی علامت ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہیں سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں اس تاریخی معاہدے پر دستخط کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔تینوں برادر ممالک ایمان، دوستی اور امن و سلامتی کے مشترکہ عزم کے رشتے میں متحد ہیں۔حرمین شریفین کے سائے میں طے پانے والا یہ تاریخی معاہدہ آنے والی نسلوں کے لیے امن کی ڈھال ثابت ہو اور پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ سمیت پوری امتِ مسلمہ کے لیے خوشحالی کا باعث بنے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور بھرپور عزم کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ اس عظیم مقصد کے حصول میں ان کی خدمات نمایاں ہیں۔دعا ہے اللہ تعالیٰ اس معاہدے کو تینوں برادر ممالک اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن، استحکام اور ترقی کا ذریعہ بنائے۔
وزیر اعلی پنجاب کا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے کا پرجوش خیر مقدم، مریم نواز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے امتِ مسلمہ کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ قرار دے دیا۔
مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے اور عالمی امن و استحکام کی جانب اہم پیش رفت ہے، صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا معاہدہ مکہ کا خیر مقدم

