سیالکوٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو\
۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز سیالکوٹ میاں سرمد حسین نے کہا ہے کہ شہر میں بغیر منظور شدہ نقشہ اور لینڈ یوز کنورژن کی اجازت کے قائم کی جانے والی کمرشل عمارات کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور کسی بھی شخص کو قانونی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کے افسران، انفورسمنٹ / بلڈنگ انسپکٹرز اور مختلف شعبہ جات کے انچارجز کے ایک اہم جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو میونسپل کارپوریشن کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز میاں سرمد حسین نے ہدایت کی کہ بلڈنگ انسپکٹرز اپنے اپنے علاقوں میں بلڈنگ لاز پر سخت عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اس بات کو حتمی بنائیں کہ تمام تر تعمیرات صرف اور صرف منظور شدہ نقشہ جات کے مطابق ہی کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی مقاصد کے لیے بلڈنگز کی تعمیر سے قبل لینڈ یوز کنورژن اور کمرشلائزیشن کا عمل مکمل کرنا لازمی ہو گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ذمے واجب الادا فیسیں، محصولات اور ٹیکسز وقت پر ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی ادائیگی ایک اہم قومی فریضہ ہے اور شہریوں سے حاصل کردہ یہی رقم خود ان کے شہر کی تعمیر، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کی جاتی ہے۔
شہری سہولیات کی بہتری کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں خراب سٹریٹ لائٹس کی فوری بحالی اور مرمت کے لیے خصوصی سکواڈز تشکیل دیے جائیں
علاوہ ازیں، انہوں نے مختلف ترقیاتی سروسز کے سلسلے میں کی جانے والی روڈ اور گلیوں کی کھدائی کو بروقت معیار کے مطابق فوری بند کیا جائے اور تعمیراتی مقامات (کنسٹرکشن لائنز) پر حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔ انہوں نے تمام فیلڈ عملے اور ٹھیکیداروں کو کام کے دوران سیکیورٹی گیئر اور حفاظتی اقدامات کا خاص خیال رکھنے کی سخت تاکید کی تا کہ کوئی ناخوشگوار حادثہ پیش نہ آئے۔
اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ایم ایس) میاں سرمد حسین نے "شجرکاری مہم” کے سلسلے میں قلعہ سیالکوٹ کے سبزہ زار میں ایک پودا بھی لگایا اور ماحول کو خوشگوار و سرسبز بنانے کی دعا کی۔

