کیلے فورنیا :اگر آپ اینڈرائیڈ اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں تو آپ کے لیے ایک اہم اور بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ ٹیکنالوجی کی دنیا کی جائنٹ کمپنی گوگل نے اپنے مقبول ترین صوتی معاون (وائس اسسٹنٹ) ’گوگل اسسٹنٹ‘ کو بتدریج ختم کرنے اور اس کی جگہ جدید مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ماڈل ’جیمنی‘ (Gemini) کو لانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ریڈٹ اور ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر صارفین کی جانب سے سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق، گوگل نے ای میلز کے ذریعے صارفین کو مطلع کرنا شروع کر دیا ہے کہ ستمبر سے ان کے فونز سے گوگل اسسٹنٹ کو ہٹانے کا عمل مرحلہ وار شروع ہو جائے گا۔ یہ تبدیلی ایک ہی بار میں نہیں بلکہ آنے والے کئی ہفتوں کے دوران بتدریج تمام سپورٹڈ ڈیوائسز پر نافذ کی جائے گی۔
ایک بار جب صارف کا فون نئے سسٹم پر منتقل ہو جائے گا تو وہ واپس پرانے گوگل اسسٹنٹ پر نہیں جا سکیں گے۔ اس کے بعد فون پر "Hey Google” بولنے یا پاور بٹن کو دیر تک دبانے سے گوگل اسسٹنٹ کے بجائے ’جیمنی‘ فعال ہو جائے گا۔
جیمنی الارم سیٹ کرنے، ٹائمر لگانے، میوزک چلانے، سمارٹ ہوم ڈیوائسز کو کنٹرول کرنے اور روایتی وائس کمانڈز سمیت دیگر تمام روزمرہ کے کام انجام دے گا۔ یہی نہیں، اگر جیمنی کو ڈیفالٹ سیٹ کیا جائے تو یہ منسلک اسمارٹ واچز (Wear OS)، ٹیبلٹس اور ہیڈ فونز پر بھی بطور اسسٹنٹ کام کرے گا۔
واضح رہے کہ گوگل اسسٹنٹ کو پہلی بار 2016 میں متعارف کرایا گیا تھا جس نے تقریباً ایک دہائی تک اینڈرائیڈ ایکو سسٹم میں مرکزی حیثیت رکھی۔ گوگل نے گزشتہ برس ہی اسسٹنٹ کی جگہ جیمنی کو لانے کا اعلان کر دیا تھا، اور اب اس پر عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جیمنی چونکہ عام صوتی احکامات سے کہیں زیادہ ایڈوانسڈ اور ذہین اے آئی ماڈل ہے، اس لیے یہ صارفین کو پہلے سے زیادہ جدید، بہتر اور ہائی ٹیک تجربہ فراہم کرے گا۔

