جیکب آباد رپورٹ مجیب کھوسو
جیکب آباد سٹی تھانہ کی حدود بس اڈے کے قریب ڈکیتی کی واردات میں نامعلوم مسلح افراد شیعہ رہنما نثار احمد ابڑو سے ان کی ڈریم 2024 ماڈل موٹرسائیکل اور 3 لاکھ روپے نقد رقم چھین کر فرار ہوگئے۔واقعے کے بعد متاثرہ شخص کے ورثا اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مین کوئٹہ روڈ بلاک کر دیا، جس کے باعث دونوں اطراف ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے اور ڈکیتی و رہزنی کی وارداتیں معمول بنتی جا رہی ہیں۔احتجاج کرنے والوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واردات میں ملوث ملزمان کو فوری طور گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، چھینی گئی موٹرسائیکل اور 3 لاکھ روپے نقد رقم برآمد کرکے متاثرہ شخص کے حوالے کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

