اسلام آباد(عاشر علی سے)
انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی دفتری، انتظامی اور پیشہ ورانہ امور کی نگرانی میں مصروفِ عمل ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کے جاری ترقیاتی منصوبوں، ادارہ جاتی انفراسٹرکچر اور انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے جاری منصوبوں، تعمیراتی کاموں اور انتظامی پیش رفت پر بریفنگ دی۔آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت، اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ بروقت مکمل کیے جائیں، جبکہ ادارہ جاتی انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنا کر افسران کے لیے بہتر ورکنگ ماحول اور شہریوں کے لیے معیاری پولیس سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ، بین الادارہ جاتی رابطے اور بروقت تکمیل پر بھی زور دیا۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سنٹرل پولیس آفس میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل سنے اور ان کے فوری اور میرٹ پر حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت اور منصفانہ حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور سنٹرل پولیس آفس کے دروازے ہر شہری کے لیے کھلے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی درخواستیں مقررہ ٹائم فریم کے اندر میرٹ پر نمٹا کر رپورٹ پیش کی جائے۔آئی جی اسلام آباد نے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو بھی ہدایت کی کہ وہ مقررہ اوقات میں شہریوں سے ملاقات کو یقینی بنائیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے اوپن ڈور پالیسی پر موثر انداز میں عملدرآمد جاری رکھیں۔




