نئی دہلی: سوشل میڈیا کا جنون انسان سے کیا کچھ نہیں کرواتا، اس کی ایک انوکھی اور حیرت انگیز مثال بھارت میں سامنے آئی ہے جہاں سوشل میڈیا کے لیے ویڈیوز بنانے والے ایک کیمرا مین پر تینوں خواتین ایسی فدا ہوئیں کہ انہوں نے آپس میں جڑے رہنے کی خاطر ایک ہی شخص سے شادی رچا ڈالی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس عجیب و غریب قصے میں دو سگی بہنیں اور ان کی ایک قریبی کزن شامل ہیں۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع امروہہ میں دو سگی بہنوں اور ان کی ایک کزن نے اپنے ہی کیمرہ مین سے شادی کر لی ہے۔یہ تینوں خواتین سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنانے کی شوقین تھیں اور اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک کیمرا مین کی خدمات حاصل کی تھیں۔ کام کے دوران کیمرا مین ان خواتین کے اتنا قریب آیا کہ عشق و محبت کی کہانیاں پروان چڑھنے لگیں۔
20 سالہ کیمرہ مین "وکاس” گزشتہ 6 ماہ سے ان کے ساتھ کام کر رہا تھا اور اکثر ان کی ویڈیوز میں شوہر کا فرضی کردار بھی ادا کرتا تھا
شادی کرنے والی لڑکیوں میں 20 سالہ سروج، 19 سالہ ساوتری (دونوں سگی بہنیں) اور ان کی 18 سالہ کزن سنتوش شامل ہیں۔
اس پُراسرار اور انوکھے فیصلے کے بعد علاقائی روایات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تینوں خواتین کی اسی کیمرا مین کے ساتھ ایک ہی وقت میں اتر پردیش کے ضلع امروہہ کے "چامنڈا ماتا مندر” میں شادی کر دی گئی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز اب سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل چکی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین جہاں اس انوکھے لو ٹرائینگل پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق، ہندو میرج ایکٹ (Hindu Marriage Act) کے تحت ایک وقت میں ایک سے زائد شادی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اس وجہ سے اس شادی نے جہاں سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے، وہاں قانونی حلقوں میں بھی اس پر سوالات اٹھ رہے ہیں

