دیر بالا (بیورو چیف ریاض ابوالخیل)
دیر بالا: موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی امن و امان کے پیش نظر دیر بالا پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جرگہ ہال واڑی میں امن جرگہ منعقد ہوا۔ جرگے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز، ایس ڈی پی او سرکل واڑی فخر عالم خان، اسسٹنٹ کمشنر واڑی اور علاقہ کے معزز مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔جرگے میں ضلع کی امن و امان کی صورتحال، عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون اور امن کے مزید استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دیر بالا میں پائیدار امن کے لیے عوام اور سیکیورٹی فورسز کا باہمی اعتماد اور تعاون ناگزیر ہے۔علاقہ مشران نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں ہر سطح پر جاری رہیں گی۔جرگے کے اختتام پر وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، دیرپا امن اور شہداء کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

