ملتان رپورٹ: ڈویژن بیرو چیف ملک جابر عباس سے
ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 52 سالہ محمد اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹریکٹر ٹرالی موڑ کاٹ رہی تھی اور بے قابو ہو کر سائیکل سوار سے ٹکرا گئی، جس سے محمد اسلم سڑک پر گر پڑے اور ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور متاثرہ شخص کی جان بچانے کے لیے تمام ممکنہ طبی اقدامات کیے۔ اہلکاروں نے موقع پر سی پی آر (CPR) بھی کیا، تاہم شدید زخموں کے باعث ان کی سانس بحال نہ ہو سکی اور ڈاکٹرز نے انہیں جاں بحق قرار دیا۔
حادثے کے بعد علاقے میں شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی مکمل کی۔ جاں بحق ہونے والے محمد اسلم کے لواحقین بھی موقع پر موجود تھے، جنہوں نے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی کروانے سے انکار کرتے ہوئے میت اپنے ساتھ لے جانے کی خواہش ظاہر کی۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بھاری گاڑیوں، خصوصاً ریت سے بھری ٹریکٹر ٹرالیوں کی تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

