فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل کا جوش و خروش اپنی انتہا پر ہے، اور اسی دوران فیفا نے 19 جولائی کو ہونے والے فائنل میچ کے لیے اچانک 1200 سے زائد نئی ٹکٹیں فروخت کے لیے پیش کر دی ہیں۔ تاہم، ان ٹکٹوں کی ہوشربا قیمتوں نے فٹ بال کے دیوانوں کو حیران کر دیا ہے۔
فیفا کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سٹیڈیم کے اوپری حصے کی ان ٹکٹوں کی قیمت 7,380 ڈالر (تقریباً 20 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) مقرر کی گئی ہے۔
گراؤنڈ کے قریب ترین نشستوں (کیٹیگری ون) کی قیمتیں 19,995 ڈالر سے شروع ہو کر 32,970 ڈالر تک جا پہنچی ہیں۔
‘ٹرافی لاؤنج’ اور ‘ٹرافی لاؤنج پلس’ کی ٹکٹیں 32,500 سے 34,500 ڈالر تک فروخت ہو رہی ہیں، جس میں کھانے پینے کی خصوصی سہولیات بھی شامل ہیں۔
صرف آفیشل ویب سائٹ ہی نہیں، بلکہ فیفا کی اپنی ‘ری سیل مارکیٹ’ میں بھی ٹکٹوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ وہاں فائنل کی ٹکٹیں 7,440 ڈالر سے شروع ہو کر 11,499 ڈالر تک فروخت ہو رہی ہیں۔ دوسری جانب دیگر اہم میچز، جیسے کہ ارجنٹائن بمقابلہ سوئٹزرلینڈ کے کوارٹر فائنل کی ٹکٹیں بھی 1,600 سے 3,995 ڈالر تک دستیاب ہیں۔
فٹ بال کے شائقین کے لیے یہ ٹکٹیں حاصل کرنا اب کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں، کیونکہ قیمتوں میں یہ اضافہ عام شائقین کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے
فٹ بال ورلڈ کپ: فائنل میچ کی ٹکٹیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر، قیمتیں سن کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

