ہنگورجہ (رپورٹ فياض محسن سولنگي):
گاؤں میاں میر محمد پیرزادہ کے رہائشی مرحوم اسماعیل سہتو کے بیٹوں محمد میول، رفیق اور مختیار سہتو نے سٹی پریس کلب ہنگورجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بااثر افراد پنہل سہتو اور اس کے بیٹوں غلام قادر، معشوق اور جاوید نے اسلحے کے زور پر ان کی تقریباً 11 جریب زرعی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ ملزمان نہ صرف زمین پر قابض ہیں بلکہ انہیں ہراساں کرتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کا فیصلہ برادری کے معززین کے سامنے بھی رکھا گیا، تاہم فریقِ مخالف آج تک پیش نہیں ہواانہوں نے مزید الزام لگایا کہ متعلقہ تپیدار سے زرعی زمین کے نقول اور ریکارڈ طلب کرنے پر ان سے بھاری رشوت کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔متاثرہ خاندان نے ڈپٹی کمشنر خیرپور، ایس ایس پی خیرپور، اسسٹنٹ کمشنر سوبھودیرو اور مختیارکار سوبھودیرو سے اپیل کی کہ انہیں ان کی زرعی زمین کے سرکاری نقول فراہم کیے جائیں، مبینہ قبضہ مافیا کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائےنوٹ: یہ خبر درخواست گزاروں کے الزامات پر مبنی ہے، جن کی متعلقہ حکام یا نامزد افراد کی جانب سے تاحال تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

