(راشد ڈھڈی)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عمران نے شہریوں کو انصاف کی فوری فراہمی اور پولیس و عوام کے درمیان فاصلے مٹانے کے لیے تھانہ ڈونگہ بونگہ اور تھانہ سٹی ہارون آباد میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہریوں میں معززین علاقہ، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل ڈی پی او کے سامنے پیش کیے۔ ڈی پی او نے شہریوں کی شکایات کو فرداً فرداً سنا اور موقع پر موجود افسران کو حل کے لیے ٹائم لائن مقرر کر کے احکامات جاری کیے۔ ڈی پی او محمد عمران نے واضح کیا کہ عوام کو پریشان کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ مقدمات کی تفتیش سو فیصد میرٹ پر کی جائے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران کا کہنا تھا، "کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور پولیس کے رویے میں مثبت تبدیلی میری اولین ترجیح ہے۔” شہریوں نے ڈی پی او بہاولنگر کے اس عوامی اقدام کو سراہا اور پولیس پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

