نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
تعلقہ نوابشاہ پولیس نے دورانِ گشت مسلح ڈاکوؤں سے مقابلے کے بعد ایک انتہائی مطلوب اور خطرناک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس کے مطابق تعلقہ تھانے کے ایس ایچ او اور ٹیم معمول کے گشت پر تھے کہ مسلح ملزمان سے سامنا ہو گیا۔ ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پسٹل اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔گرفتار ملزم کی شناخت راجہ ولد گلزار چنہ سکنہ کرونڈی ضلع خیرپور کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم تاج محل گیسٹ ہاؤس اور موبلنک فرنچائیز ڈکیتی سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک گینگ کا اہم رکن ہے۔پولیس نے ملزم کے خلاف مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

