سکھر(رپورٹ/عبدالرحمن راجپوت)
ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی سربراہی میں محکمانہ پروموشن کمیٹی نے سینئر پولیس افسران کو سنیارٹی کی بنیاد پر اگلے عہدوں پر ترقی دی ترقی پانے والے افسران میں 48 کانسٹیبل شامل ہیں جن میں 2 ڈرائیور کانسٹیبل اور ایک شہید اہلکار شامل ہیں جنہیں ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے تمام امیدواروں کے سروس ریکارڈ، سنیارٹی اور محکمانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلے کئے۔جبکہ پروموشن پالیسی کے تحت مختلف محکمانہ جرمانے اور زیر التوا معاملات کی وجہ سے 04 اہلکاروں کی ترقیاں ملتوی کر دی گئیں۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے پولیس اہلکاروں کو ان کے اگلے عہدوں پر ترقی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آپ کا کام عبادت ہے کیونکہ آپ عوام کے محافظ ہیں۔آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے دن رات کام کریں اور اپنے کام کو عبادت سمجھ کر انجام دیں۔واضح رہے کہ ترقی پانے والے پولیس افسران گزشتہ کئی سالوں سے اپنی اگلی ترقی کے منتظر تھے۔ ترقی پانے والے افسران میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

