ٹوپی( ذوالکفل سے)
ٹوپی ٹیچرز سوسائٹی کے زیرِ اہتمام یتیم، نادار اور مستحق طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لیے مفت سٹیشنری کی تقسیم کی دوسری تقریب گورنمنٹ مڈل سکول ٹوپی میں منعقد ہوئی، جس میں چار سرکاری سکولوں کے مستحق طلبہ کو سٹیشنری فراہم کی گئی۔ مہمانِ خصوصی عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور معروف سماجی شخصیت سہیل احمد خان تھے، جبکہ خدمت گار ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین ابرار احمد (خادمِ ٹوپی) اور جنرل سیکرٹری مفتی شہزاد سعیدی نے بطورِ معزز مہمان شرکت کی۔ تقریب میں ٹوپی پریس کلب کے صدر عارف شاہ، مختلف سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز، ٹوپی ٹیچرز سوسائٹی کے عہدیداران، اساتذہ کرام اور تدریسی و انتظامی عملے نے شرکت کی۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور مستحق طلبہ کی معاونت کے ایسے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے ٹوپی ٹیچرز سوسائٹی کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مہمانانِ خصوصی نے طلبہ میں سٹیشنری تقسیم کی اور ان کی تعلیمی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ والدین اور طلبہ نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا۔


