واشنگٹن: مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور معروف ارب پتی فلاحی شخصیت بل گیٹس کو بدنام زمانہ مالیاتی تاجر جیفری ایپسٹین سے اپنے تعلقات کے بارے میں امریکی قانون سازوں کے سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بل گیٹس بدھ کے روز امریکی ایوان نمائندگان کی اوورسائٹ کمیٹی کے سامنے بند کمرہ انٹرویو کے لیے پیش ہوں گے۔ جیفری ایپسٹین 2019 میں نیویارک کی جیل میں مردہ پائے گئے تھے، جہاں وہ نابالغ لڑکیوں سے متعلق جنسی اسمگلنگ کے الزامات میں مقدمے کا سامنا کر رہے تھے۔ ان کے امیر اور بااثر افراد سے تعلقات کئی برسوں سے عوامی بحث، تحقیقات اور سازشی نظریات کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری دستاویزات کے بعد بل گیٹس اور ایپسٹین کے درمیان روابط پر نئے سوالات اٹھے، جس کے بعد کمیٹی نے گیٹس کو طلب کیا۔ اس سے قبل بل کلنٹن، ہلیری کلنٹن اور امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک سمیت کئی اہم شخصیات بھی کمیٹی کے سامنے پیش ہو چکی ہیں۔ بل گیٹس کے ترجمان نے کہا کہ گیٹس کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور وہ پہلے بھی واضح کر چکے ہیں کہ انہوں نے ایپسٹین کے کسی غیر قانونی عمل کو نہ دیکھا اور نہ اس میں حصہ لیا۔
ایپسٹین فائلز میں 2013 کا ایک مسودہ ای میل بھی شامل ہے، جس میں ایپسٹین نے مبینہ طور پر یہ تاثر دیا تھا کہ انہوں نے گیٹس کو ازدواجی تعلقات سے باہر معاملات کے اثرات سے نمٹنے میں مدد دی تھی۔ گیٹس نے اس ای میل کو جعلی قرار دیتے ہوئے الزامات کی تردید کی ہے۔ گیٹس نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ ایپسٹین سے تعلق رکھنا ان کی سنگین غلطی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایپسٹین کے ساتھ گزارے گئے ہر لمحے پر افسوس کرتے ہیں، تاہم ان کے مطابق یہ تعلق صرف چند عشائیوں تک محدود تھا۔
بدنام زمانہ ایپسٹین فائلز، بل گیٹس کی کانگرس میں پیشی، بیان ریکارڈ کرائینگے

