کراچی: اورنگی ٹاؤن 10 نمبر کے علاقے میں دو ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والے نوجوان حمزہ کی پراسرار موت کا معمہ حل ہو گیا، مقتول کی بیوی ہی قاتل نکلی۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں پیش آنے والے حمزہ قتل کیس نے ہر کسی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ابتدائی طور پر اسے خودکشی کا واقعہ قرار دیا جا رہا تھا، لیکن پولیس کی تفتیش نے اس ڈرامائی قتل کے پیچھے چھپے گھنائونے کرداروں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول حمزہ کی اہلیہ ’دعا‘، جو خود بھی محکمہ پولیس میں اہلکار ہے، نے اپنے سابقہ شوہر کے ساتھ مل کر حمزہ کو راستے سے ہٹانے کا شیطانی منصوبہ تیار کیا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے نہایت بے دردی سے حمزہ کی جان لی۔
قتل کے طریقہ واردات نے تفتیشی افسران کو بھی حیران کر دیا۔ ملزمان نے مقتول کے منہ میں کپڑے کا موزہ ٹھونسا تاکہ وہ چیخ نہ سکے، اس کے بعد اس کے ہاتھ باندھے گئے اور گلا دبا کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
واردات کے بعد ملزمان نے حمزہ کی لاش کو پنکھے سے لٹکا دیا تاکہ اسے خودکشی کا رنگ دے کر قانون کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا سکے۔ تاہم، پولیس نے سائنسی خطوط پر تفتیش کی اور جدید فرانزک شواہد کی مدد سے قتل کے اس معمہ کو حل کر لیا۔
پولیس نے ملزمہ دعا کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ اس کے شریکِ جرم سابق شوہر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقتول کے لواحقین نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے ملزمان کے لیے سخت ترین سزا کی اپیل کی ہے۔
محبت یا موت کا جال؟ اورنگی ٹاؤن میں نوبیاہتا نوجوان کا قتل، ’’ پولیس والی‘‘ بیوی قاتل نکلی

