پسرور (تحصیل رپورٹر محمد اشفاق )پسرور سرکل کا تھانہ سبز پیر جرائم پیشہ عناصر کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنتا جا رہا ہے جبکہ شہری دن دیہاڑے اپنی قیمتی اشیاء سے محروم ہونے لگے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق تھانہ سبز پیر کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لیکن مقامی پولیس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔گزشتہ روز عید کے موقع پر بڑی واردات پیش آئی جہاں طاہر محمود ولد محمد نواز سکنہ تگڑے نامی شہری کو نامعلوم ڈاکوؤں نے ایک عدد موٹر سائیکل 125، پاکستانی و بیرونی کرنسی اور قیمتی موبائل فون آئی فون 17 پرو سے محروم کر دیا۔ متاثرہ شہری اور اہل علاقہ کے مطابق آئے روز بڑھتی ہوئی وارداتوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او سبز پیر احسان الٰہی کی تعیناتی کے دوران درجنوں شہری مختلف وارداتوں کا شکار ہو چکے ہیں مکینوں نے ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد، آر پی او گوجرانوالہ اور آئی جی پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھانہ سبز پیر میں فرض شناس اور متحرک آفیسر تعینات کیا جائے۔

