سیالکوٹ (بیورو رپورٹ – سلیم احمد اعوان شیخو):
تھانہ سوہدرہ پولیس نے مخبری پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے سیالکوٹ روڈ پر واقع ایک نجی مارکی میں مہندی کی تقریب پر چھاپہ مارا، جہاں لاؤڈ اسپیکر پر تیز آواز میں موسیقی کے ساتھ معروف خواجہ سرا ڈانسر چاہت بلوچ رقص کر رہا تھا اور تقریب میں شریک مہمان اس پر کرنسی نوٹ نچھاور کر رہے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ محلہ سکندر پورہ کے رہائشی اعجاز احمد کے بیٹے علی حیدر عرف مون کی رسمِ مہندی کی تقریب جاری تھی۔ تاہم پولیس کی آمد کی اطلاع ملتے ہی دولہا علی حیدر عرف مون اور ڈانسر چاہت بلوچ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے دولہا کے والد اعجاز احمد اور چچا امتیاز سمیت دیگر شرکا علی نقی، علی رضا، محمد طارق، علی خان، عثمان، امین، اکبر اور افضال احمد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے موقع سے اسپیکر، ایمپلی فائر اور دیگر ساؤنڈ سسٹم کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

