جھڈو(رپورٹ/ قیصر راجہ راجپوت) گورنمنٹ گرلز مین پرائمری اسکول جھڈو میں مبینہ طور پر زہریلا پانی پینے سے
دو طالبات کی ہلاکت کے معاملے پر جاری جوڈیشل انکوائری کے سلسلے میں سیشن جج میرپورخاص کے احکامات پر جوڈیشل مجسٹریٹ ڈگری نے مین گرلز پرائمری اسکول جھڈو کا دورہ کیا۔دورے کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ نے انتقال کر جانے والی طالبات کے ورثاء اور متاثرہ بچیوں کے بیانات قلمبند کیے جبکہ واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا۔ ذرائع کے مطابق انکوائری ٹیم نے اسکول میں پانی کی فراہمی، انتظامی اقدامات اور واقعے کے بعد کی صورتحال کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔واضح رہے کہ مبینہ زہریلا پانی پینے سے دو معصوم طالبات کے جاں بحق ہونے اور متعدد بچیوں کے متاثر ہونے کے بعد علاقے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ والدین اور شہری حلقوں کی جانب سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

