جیکب آباد رپورٹ مجیب کھوسو
جیکب آباد میں شدید گرمی کی لہر برقرار، پارہ 46 ڈگری تک پہنچ گیا، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ہیٹ ویو سے شہری پریشان، بازار سنسان۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد اور گردونواح میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی حالیہ لہر نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کردیا ہے، جیکب آباد میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کے باعث گرمی کی شدت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی کا یہ سلسلہ آئندہ کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، شدید دھوپ اور تپتی ہواؤں کے باعث دوپہر کے وقت شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور تجارتی مراکز میں لوگوں کی آمد و رفت معمول سے کم رہی جبکہ شہری گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں دوسری جانب بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ قیامت خیز گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپننگ نے زندگی اجیرن بنادی ہے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔

