دبئی:
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو (ICC Men’s Cricket World Cup League 2) کے ایک اہم اور سنسنی خیز ون ڈے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عمان کو 42 رنز سے شکست دے کر شاندار فتح اپنے نام کرلی۔دبئی کے آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں متحدہ عرب امارات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز کا دفاعی اسکور بورڈ پر سجایا۔ یو اے ای کی جانب سے راہول چوپڑا اور ادیب عثمانی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 47، 47 رنز کی اننگز کھیلیں، جبکہ باسل حمید نے 43 رنز اور محمد وسیم نے 29 رنز کا اہم حصہ ڈالا۔عمان کی جانب سے بولنگ میں شکیل احمد نے انتہائی نپی تلی اور شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 42 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے علاوہ حسنین شاہ اور سمے شریواستو نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔227 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 184 رنز ہی بنا سکی۔ عمان کی طرف سے عمران علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 65 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، حماد میرزا نے 29 رنز بنائے، تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔یو اے ای کے بولرز نے حریف ٹیم پر شروع سے دباؤ بنائے رکھا۔ آیان افضل خان، خزیما بن تنویر، اویس علی شاہ اور محمد روحید نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر باسل حمید کو ‘مین آف دی میچ’ قرار دیا گیا

