فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) – سیاسی و سماجی شخصیت اور ممبر یوتھ پارلیمنٹ پاکستان سردار ملک فہد سرور نے حکومت پنجاب سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد میٹرو بس منصوبے کو فوری طور پر پینسرہ تک توسیع دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق سردار ملک فہد سرور نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پینسرہ اور ملحقہ دیہاتوں کی دو لاکھ سے زائد آبادی روزانہ کی بنیاد پر سفری مشکلات سے دوچار ہے۔ کالجز، یونیورسٹیز کے طلباء، فیکٹری ملازمین اور خواتین کو فیصل آباد شہر آنے جانے کے لیے غیر معیاری ویگنوں اور رکشوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے جس سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ کرایوں کی مد میں بھاری مالی بوجھ بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "میٹرو بس منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک شاندار عوامی فلاحی منصوبہ ہے۔ اس کی کامیابی کے پیش نظر اسے پینسرہ تک بڑھانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ اس سے گوجرہ و جھنگ روڈ پر ٹریفک کا دباؤ 40 فیصد تک کم ہو سکتا ہے اور شہریوں کو محفوظ، تیز رفتار اور ایئر کنڈیشنڈ سفری سہولت ملے گی۔”

