سکھر( بیورو چیف محمد قاسم ملک سے)شاپ کیپرز ایسوسی ایشن غریب آباد سکھر کے صدر عبدالرشید قریشی نے اپنے تمام عہدیداران و ممبران کے ہمراہ آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے آل سکھر اسمال ٹریڈرز میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔اس حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں غریب آباد کے دکانداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور صدر عبدالرشید قریشی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے آل سکھر اسمال ٹریڈرز میں شمولیت کی حمایت کی۔تقریب میں شاپ کیپرز ایسوسی ایشن غریب آباد کے سرپرست اعلی حاجی اصغر آرائیں، چئیرمین حاجی ریاض کھوکھر، وائس چیئرمین حاجی غلام رسول انصاری، جنرل سیکریٹری حاجی خلیل عباسی،سینئر نائب صدر نثار دایو، خزانچی حاجی مبین میمن اور عہدیداران و ممبران نے تقریب سے خطاب کیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہم سب کو مل کر تاجروں کی ترقی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے یکجا ہونا ہوگا۔ تقریب میں تمام ممبران نے ان شرپسند عناصر کو کھلم کھلا مسترد کر دیا جو مارکیٹ میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔اس موقع پر شاپ کیپرز ایسوسی ایشن غریب آباد کے صدر عبدالرشید قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:”سکھر کے تمام تاجر آل سکھر اسمال ٹریڈرز کے طالب علم ہیں، لہذا ہم نے بھی اس کالج میں داخلہ لے لیا ہے۔”تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی بانی و قائد حاجی محمد بارون میمن نے کہا کہ میں شاپ کیپرز ایسوسی ایشن غریب آباد سکھر کے صدر عبدالرشید قریشی اور ان کی پوری ٹیم کا آل سکھر اسمال ٹریڈرز میں اعتماد اور شمولیت پر دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ ہمارے مشن کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ہمارا مقصد تمام چھوٹے تاجروں اور کاٹیج انڈسٹری سے وابستہ افراد کا تحفظ، ترقی اور ان کے مسائل کا موثر حل فراہم کرنا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ سب متحد ہو کر بازاروں سے بدامنی اور شرپسندی کا خاتمہ کریں۔ میں تمام تاجروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے حقوق کے لیے منظم ہوں، کیونکہ اتحاد ہی کامیابی کی کنجی ہے۔”تقریب میں آل سکھر اسمال ٹریڈرز کے عہدیداران و ممبران بشمول سرپرست اعلی مولانا عثمان فیضی، چیئرمین گلزار بھٹو، وائس چیئرمین ناظم الدین شیخ، سینئر نائب صدر فیاض خان، نائب صدر عبدالرشید بندھانی، جنرل سیکریٹری جنید شیخ، جوائنٹ سیکریٹری شہریار راجپوت، فنانس سیکریٹری عرفان قریشی، سکھر ٹائلز اینڈ سینیٹری ایسوسی ایشن کے صدر حسن شاہ گردیزی اور شاپ کیپرز ایسوسی ایشن ڈھک روڈ کے صدر احمد علی سومرو نے خصوصی شرکت کی۔
عبدالرشید قریشی کا اپنے تمام عہدیداران و ممبران کے ہمراہ آل سکھر اسمال ٹریڈرز میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان

